رابطہ اسلامک نیوز ایجنسی (رینا) ایک رجسٹرڈ اسلامی صحافتی ادارہ ہے جس کے پاس دہلی میں اپنا ذاتی دفتر اور خبروں کی ترسیل واشاعت کے ضروری وسائل موجود ہیں اور مزید وسائل مہیا کرنے کی کوششیں جاری ہیں، ایجنسی کا مقصد صحافت کے میدان میں انسانی خدمت ، اسلامی ابلاغ ، اسلامی اخوت اور دینی بنیادوں پر امت کے کاز کو فروغ دینے میں معاونت کرنا ہے ۔ ایجنسی خاص طور سے ان خبروں کی فراہمی وترسیل کو اہمیت دیتی ہے جو کسی نہ کسی طرح انسانیت کی خدمت میں معاون ہوتی ہیں یا کسی نظریے یا واقعے کی حقیقی تصویر پیش کرتی ہیں ۔ ایجنسی ایسی سوچ او رکاموں پر جرأت مندانہ تنقید بھی کرتی ہے جو انسانیت کے مجموعی یا جزوی مفاد پر منفی طور اثرانداز ہوتے ہوں ۔ ایجنسی اپنی اردو ،انگریزی اورعربی سروسوں کے ذریعے بلاومعاوضہ وبامعاوضہ خبر رسانی کا کام انجام دیتی ہے۔ اس کی بامعاوضہ خدمات کا مقصد اس کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کی کوشش کرنا ہے۔
ہندوستان کی سو کروڑ کی آبادی میں مسلمان دوسری بڑی اکثریت ہیں ۔ یہاں اسلاف واکابر کی قربانیوں اور خدمات کے نتیجے میں ہزاروں کی تعداد میں دینی مدارس ، مسلم جماعتیں تنظیمیں انجمنیں ادارے یونیورسٹیاں اور اسلامی اسکول قائم ہیں جن کے ذریعے شب وروز دینی ، علمی ، تعلیمی ، اصلاحی، ثقافتی اور سیاسی سرگرمیاں وقوع پذیر ہوتی رہتی ہیں، ہماری قومی یا عالمی سطح کی نیوز ایجنسیاں شاذ ونادر ہی ان کوششوں کی اشاعت کرتی ہیں، جس کے نتیجے میں مخالف قوّتوں کو ان کے بارے میں غلط فہمیاں پیدا کرنے اور عوام کو گمراہ کرنے کا موقع ہاتھ آجاتا ہے۔ ایسی صورت میں ضروری تھا کہ ارشاد باری وَلْتَکُنْ مِنْکُمْ أُمَّۃٌ یَدْعُونَ إِلٰی الْخَیْرِ سے روشنی پاکر مسلمانوں کی کوئی بڑی کمپنی ایک آزاد اور طاقتور اسلامک نیوز ایجنسی قائم کرتی جو دنیا کے سامنے مسلمانوں کی صحیح صورت حال پیش کرسکتی، لیکن بعض دوسرے اہم شعبوں کی طرح مسلمان اس طرف بھی متوجہ نہ ہوسکے۔
ہندوستان کی کم از کم قریبی اسلامی تاریخ کی یہ عجیب حقیقت ہے کہ یہاں جتنے بھی عظیم الشان کارنامے انجام پائے وہ کسی ایک شخص یا مخلصین کی محدود بے بضاعت اور بے وسائل جماعت کے ذریعے ہی انجام پائے ہیں مثال کے لئے انیسویں صدی عیسوی کے نصف آخر میں برپا ہونے والی عظیم الشان تعلیمی واصلاحی تحریکات اور اداروں کو دیکھا جا سکتا ہے ۔ تاریخ کی اسی مبارک حقیقت سے حوصلہ پا کر ضروری قانونی کارروائیوں کی تکمیل کے بعد نہایت محدود پیمانے پر رابطہ اسلامک ایجنسی(رینا)کو قائم کیا گیا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ایجنسی کو تمام اسلامی تنظیموں جماعتوں انجمنوںاداروں اور عوام وخواص کی سرپرستی اور مدد حاصل رہے گی اور یہ جلد ہی ان کی خدمات کے قابل ہو سکے گی۔ ومن اللہ التوفیق